ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ اسرائیل نے المواصی کو خود سیف زون قرار دیا تھا، سیف زون پر اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی فوج کی جانب سے 10ستمبر کو غزہ کے المواصی کیمپ پر کیے گئے حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، اسرائیلی فوج نہتے فلسطینیوں کو بربریت کا نشانہ بنا رہی ہےاور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ محفوظ پناہ گاہوں میں پناہ گزین فلسطینیوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا ہے کہ المواصی سیف زون میں اسرائیلی حملوں میں 40 فلسطینی شہید ہوئے، اسرائیل نے المواصی کو خود سیف زون قرار دیا تھا، سیف زون پر اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور فلسطینیوں کی نسل کشی کا عکاس ہے۔
اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ اسرائیل کےخلاف جنگی جرائم کے ارتکاب پر کارروائی کرے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے مسئلہ کشمیر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ دہلی ہائی کورٹ کی طرف سے سیاسی جماعتوں پر پابندی کی مذمت کرتے ہیں، یہ جماعتیں کشمیریوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھا رہی تھیں۔
ترجمان دفترِ خارجہ کا شنگھائی اجلاس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ایس سی او وزرائے تجارت کا 33 واں اجلاس آج اسلام آباد میں شروع ہوا ہے، دو روزہ اجلاس ایس سی او کے باقاعدہ میکنزم کا حصّہ ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ عالمی بحری تنظیم کے سیکریٹری جنرل آرسینیو ڈومنگس گزشتہ روز پاکستان کے دورے پر پہنچے ہیں اور عالمی میری ٹائم کانفرنس میں شریک ہیں۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا کہ عالمی بحری تنظیم کے سیکریٹری جنرل آرسینیو ڈومنگس نے پاکستان کے میری ٹائم سیکیورٹی کے حوالے سے اعلیٰ معیارات کا اعتراف کیا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ میری ٹائم کانفرنس کا مقصد سمندری حدود کا تحفظ اور بحری تجارت کا فروغ ہے، وزیرِ خارجہ نے بلیو اکانومی کے بارے میں کانفرنس میں کلیدی خطاب کیا ہے۔