امریکا کی ریاست نیویارک میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر 11 ستمبر 2001ء کو ہونے والے افسوس ناک حملوں کو 23 برس بیت گئے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر ہونے والے حملوں کی 23 ویں برسی کے موقع پر امریکی خلائی ایجنسی نے 23 برس پرانی نادر تصویر جاری کر دی۔
ناسا کے مطابق مذکورہ تصویر حملے کی صبح ناسا کے خلاء باز کمانڈر فرینک کلبرٹسن نے لی تھی، جو حملوں کے وقت بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر سوار تھے۔
وہ واحد امریکی تھے جو اس وقت خلاء میں موجود نیو یارک سٹی کے علاقے پر پرواز کر رہے تھے، انہوں نے خلاء سے ان حملوں کا مشاہدہ کیا تو فوراً انہیں ریکارڈ کرنا شروع کر دیا۔
اب مذکورہ تصویر کو ناسا نے اس واقعے کی 23 ویں برسی کے موقع پر ایک بار پھر جاری کیا ہے، جس میں حملے کے نتیجے میں ٹوئن ٹاورز سے اٹھنے والے دھوئیں کی بھاری مقدار کو خلاء سے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ دنیا کی تاریخ کو تبدیل کرنے والے ان حملوں میں تقریباً 3 ہزار افراد لقمۂ اجل بن گئے تھے۔