پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی نیوز کانفرنس کے دوران صحافیوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے بیان کیخلاف احتجاج کیا۔
صحافیوں نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے سامنے سے احتجاجاً مائیک اٹھا لیے۔
پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا کہ صحافیوں سے متعلق گفتگو غیر ضروری تھی، اس کا ہماری سیاست سے تعلق نہیں ہے۔
صحافیوں کے احتجاج کی وجہ سے پی ٹی آئی رہنما نیوز کانفرنس کیے بغیر ہی اٹھ گئے۔
گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بھی علی امین گنڈاپور کی صحافیوں کے بارے میں گفتگو کو نامناسب قرار دیا تھا۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کی صحافیوں کے بارے میں گفتگو کی تائید نہیں کرتا، علی امین گنڈاپور کو صحافیوں کے بارے میں ایسی گفتگو نہیں کرنی چاہیے تھی۔
واضح رہے کہ 8 ستمبر کو اسلام آباد کے سنگجانی کی مویشی منڈی میں ہوئے پی ٹی آئی کے جلسے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صحافیوں کے خلاف بیان دیا تھا۔
پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ عوام ان صحافیوں کو پہچانیں جو قلم بیچ رہے ہیں، جس کے بعد کئی پی ٹی آئی رہنماؤں کو معافی مانگنا پڑگئی تھی۔
جلسے کے اگلے روز وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی تقریر کےخلاف پارلیمنٹ کی پریس گیلری سے صحافیوں نے واک آؤٹ بھی کیا تھا، جس کے بعد عمر ایوب اور شبلی فراز صحافیوں کو منانے پہنچے تھے۔
صحافیوں کی جانب سے واک آؤٹ کرنے کے بعد اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور بیرسٹر گوہر کی جانب سے غیر مشروط معافی بھی مانگی گئی تھی۔