• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

26 ویں آئینی ترمیم، 41 آزاد میں سے 5 حمایت میں ووٹ دینگے

اسلام آباد (محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار)26 ویں آئینی ترمیم،41 آزاد میں سے5 کھل کر حمایت میں ووٹ دینگے امکان ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر سابق وزیراعظم نواز شریف بھی پارلیمنٹ ہاؤس میں موجود ہونگے حمزہ شہباز جو فیملی ایمرجنسی کے لئے بیرون ملک تھے وہ بھی ہفتے کی صبح وطن واپس پہنچ جائیں گے قومی اسمبلی کے تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے دس ارکان نے ایوان کے اسپیکر سردار ایاز صادق سے جمعہ کے روز منت سماجت کرکے پارلیمنٹ لاجز کو سب جیل کے طور پر منظور کرایا ۔

یہ ارکان پولیس لاک اپ میں رہنے سے بری طرح خوفزدہ اور پریشان تھے۔ معلوم ہوا ہے کہ آج (ہفتے) پہلے قومی اسمبلی میں قواعد کار اور ضابطے کی پابندیوں کو ایوان کی اجازت سے معطل کرانے کے بعد قانون و انصاف اور پارلیمانی امور کے وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ آئین کی 26 چھبیسویں ترمیم پیش کرینگے اور اس پر فوری رائے شماری ہوگی تو تحریک انصاف کی قیادت کو شدید دھچکا لگنے کا امکان ہے 

اس کے اکتالیس ایسے ارکان جنہیں اعلیٰ عدالتی فیصلے کی رو سے آزاد قرار دیا گیا ہے ان میں سے پانچ کھل کر حکومتی اتحاد کی پیش کردہ آئینی ترمیم کی حمایت میں ووٹ دینگے اس موقع پر آزاد ارکان میں سے بیس کے لگ بھگ بھی ووٹ دینے کے لئے آمادہ ہونگے تاہم انہیں منظر عام پر آنے سے روک کر رکھا جائے گا اور آئینی ترمیم کے لئے درکار 224ووٹ پورے ہونے کے بعد کسی رکن کو اضافی ووٹ کے لئے نہیں کہا جائے گا۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی اتحاد بہت محفوظ کھیل رہا ہے امکان ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر سابق وزیراعظم نواز شریف بھی پارلیمنٹ ہاؤس میں موجود ہونگے۔

 ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کے صاحبزادے حمزہ شہباز جو فیملی ایمرجنسی کے لئے بیرون ملک تھے وہ بھی ہفتے کی صبح وطن واپس پہنچ جائیں گے۔ 

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ حکومتی اتحاد کے آئینی ماہرین نے آئین کی دفعہ 63۔اے سمیت متعلقہ دفعات کا جائزہ مکمل کرلیا ہے جس سے نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ آزاد ارکان کے آئینی ترمیم کی حمایت میں ووٹ دینے سے ان کی رکنیت پر کوئی حرف نہیں آئے گا۔ 

قومی اسمبلی سے آئینی ترامیم جن میں بائیس نکات شامل ہیں منظوری کے فوری بعد سینیٹ میں پیش کردی جائیں جس کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہی جاری ہوگا۔

اہم خبریں سے مزید