اسلام آباد ( نیو زرپورٹر)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے عوام کواحتیاط برتنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ 16مارچ تک شمالی پاکستان میں بارش اور برف باری متوقع ہے، جس سے برفانی تودوں کے پھسلنے ، لینڈ سلائیڈنگ اور سفری رکاوٹوں کے خدشات میں اضافہ کا خدشہ ہے۔ترجمان این ڈی ایم اے نے اپنے ایک خصوصی پیغام میں مقامی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو تیار رہنے اور چوکس نگرانی برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہفتہ سے 16 مارچ تک گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں موسمی نظام کے متاثر ہونے کا امکان ہے۔ پیشگوئی کے مطابق گلگت، استور، دیامر، اسکردو، ہنزہ، غذر اور شگر سمیت گلگت بلتستان کے کئی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ آزاد کشمیر کے کچھ علاقوں مظفرآباد، باغ، پونچھ، حویلی، کوٹلی، بھمبر اور وادی نیلم کے لیے بھی ایسی ہی صورتحال کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا کے کچھ حصوں بالخصوص چترال، دیر، سوات، کالام اور بٹگرام میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔