کراچی( ثاقب صغیر )ایف آئی اے نے غیر قانونی امیگریشن اور حوالہ ہنڈی میں ملوث7 ملزمان کو گرفتار کر لیا،تمام مسافروں کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث 6 مسافروں کو گرفتار کر لیا، مسافر جرمنی،ترکیہ اور عراق سے ڈی پورٹ ہوئے تھے۔معمول کی امیگریشن کلیئرنس کے دوران متعدد مشکوک مسافروں کو روکا گیا۔مسافر راشد ولد نذیر احمد کو عراق سے ڈی پورٹ ہونے پر حراست میں لیا گیا۔تلاشی کے دوران اس کا اصل پاسپورٹ برآمد ہوا جس میں متعدد صفحات نکالے گئے تھے۔مسافر عاطف رحمان ترکی سے پاکستان پہنچا۔ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ وہ ٹرانزٹ ویزا پر ترکی جا کر آٹھ ماہ غیر قانونی طور پر مقیم رہا۔دیگر مسافروں صدام حسین، رخسار علی اور حماد رفیق کو ترکی سے ڈی پورٹ کیا گیا۔یہ مسافر ایران کے راستے غیر قانونی زمینی راستوں سے یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔مسافر عمیر خان جرمنی سے پاکستان پہنچا۔ابتدائی تفتیش میں اس نے ایران اور ترکی کے راستے غیر قانونی طور پر یورپ جانے کا اعتراف کیا۔آئی بی ایم ایس ریکارڈ کے مطابق اس کی پاکستان سے قانونی روانگی کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں۔تمام مسافروں کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔