• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ میں ہلاکتوں کی وجہ ریسکیو کے ناقص انتظامات، گل پلازہ ایسوسی ایشن کا کمیشن میں جواب جمع

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گل پلازہ ایسوسی ایشن کے صدر تنویر پاستا نے سانحہ میں ریسکیو کے ناقص انتظامات کو شہریوں کی ہلاکتوں کا ذمہ دار قرار دیدیا، جوڈیشل کمیشن میں تنویر پاستا نے سوالنامے کا جواب جمع کروا دیا۔ تنویر پاستا نے جواب میں کہا کہ فائر بریگیڈ کی پہلی گاڑی 10 بجکر 55 منٹ پر پہنچی۔ 20 منٹ کے اندر فائر ٹینڈر میں پانی ختم ہوگیا تھا۔ مزید 2 ٹینڈر ساڑھے 11 بجے پہنچے۔ تب تک آگ گراونڈ فلور پر تینوں اطراف پھیل چکی تھی۔ ریسکیو اہلکاروں کے پاس مناسب آلات، ماسک اور حفاظتی سامان موجود نہیں تھا۔ ریسکیو اہلکار ابتدائی گھنٹوں میں عمارت میں داخل ہوکر پھنسے لوگوں کے نکالنے کے قابل نہیں تھے۔ فائر فائٹرز کے پاس فوم یا کیمیکل موجود نہیں تھا۔ مارکیٹ انتظامیہ نے اپنی مدد آپ کے تحت نجی ٹینکرز کا انتظام کیا۔ واٹر کارپوریشن کے ٹینکرز فجر کے بعد فراہم کئے گئے۔ ریسکیو کارروائیاں ابتدائی طور پر بہت سست تھیں۔ امدادی سرگرمیاں فجر کے بعد متحرک ہوئیں تب تک آگ شدت اختیار کرچکی تھی۔ عمارت میں پھنسے لوگوں کی جانب سے لوکیشن کی معلومات ملنے پر کچھ افراد کو اپنی مدد آپ کے تحت نکالا گیا۔ مناسب ریسکیو سہولیات نہ ہونے کے باعث کئی افراد کو بچایا نہیں جاسکا۔ بجلی بند ہونے کی وجہ سے باقاعدہ اعلانات نہیں کئے جاسکے۔
اہم خبریں سے مزید