مکان کی تعمیر ہو یا تزئین نو، جہاں مختلف حصوں پر توجہ دی جاتی ہے وہیں فرش کی تعمیر بھی اتنی ہی اہمیت رکھتی ہے۔ فرش مکان کے داخلی دروازے سے لے کر ہر کمرے تک جڑا رہتا ہے، لہٰذا اسے جدید بنانے کے آئیڈیاز پر کام کیا جائے۔ فرش کی تعمیر کے لیے مختلف تعمیراتی مواد کا استعمال کیا جاتا ہے جیسے کہ ماربل، لکڑی، وینائل، کارک یا لیمیننٹ وغیرہ۔
ماربل
ماربل کا فرش گھر کے ایسے حصوں میں بنایا جاتا ہے، جہاں لوگوں کی آمدورفت قدرے کم ہو۔ روشن اور گہرے رنگوں کے ساتھ لگائےجانے والے ماربل کی زندگی عام طور پر50سے 80سال تک ہوتی ہے۔ اگر اس کی صفائی کا خیال رکھا جائے تو یہ دکھنے میں نہایت خوبصورت لگتا ہے۔ صفائی کیلئے نیم گرم پانی اور نرم ریشوں والے وائپر کو استعمال کریں۔ ماربل کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ جب چاہے دوبارہ سے فرش کی رگڑائی اور پالش کروائی جاسکتی ہے، جس کے بعد یہ بالکل نیا ہوجاتا ہے۔
چپس کا فرش
چپس، ماربل کی ہی ایک شکل ہے جسے تھوڑا جدید انداز دیا گیا ہے۔اس فرش کو بنانے میں ماربل کو چھوٹی چھوٹی کنکریوں کی شکل میں سیمنٹ کے مسالے میں لگایا جاتا ہے، جس کے بعد اس کی مشین سے رگڑائی کی جاتی ہے۔ اگر آپ نئے چپس لگانا چاہتے ہیں، جو مختلف رنگوں یا پیڑن کے ہوں تو یہ بھی ایک اچھا آئیڈیا ہے۔
ٹائلز
ٹائل کئی اقسام اور رنگوں میں دستیاب ہیں، جن کا استعمال گھر کے کسی بھی حصے میں کیا جاسکتا ہے۔ ٹائل سے بنا فرش خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہوتا ہے، اسی لیے آجکل فرش کے لیے زیادہ تر ٹائل ہی استعمال کیے جارہے ہیں۔ ٹائل پر رگڑ یا کوئی داغ لگ جائے تو وہ صاف نہیں ہوپاتا، اس کا واحد حل ایسے ٹائل کو اکھاڑ کر اس کی جگہ نیا ٹائل لگانا ہوتا ہے اور اس کام میں سب سے بڑی دشواری اسی رنگ اور سائز کی ٹائل کی دستیابی ہوتا ہے۔
کنکریٹ
ویسے تو پورا مکان کنکریٹ سے ہی بنایا جاتا ہے، لہٰذا اس سے بنا فرش ایک عام انتخاب ہے۔ البتہ کنکریٹ میں ماربل کے ٹکڑے لگا کراس کے انداز میں کچھ تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ ایسا کرنے سے آپ کافرش بھی دلکش ہو جائے گا اور آپ کی طبیعت پر بھی اچھا اثر پڑے گا۔کنکریٹ کے فرش پر صابن یا سرف استعمال کرنے سے ماربل کی چمک ماند پڑ جاتی ہے، اس لئے شیمپو یا کھانے کے سوڈے (بیکنگ سوڈا) سے فرش کو چمکایا جائے تو بہتر نتائج برآمد ہوتے ہیں۔ پانی سے صفائی کے بعد خشک کپڑے سے بھی صاف کریں ورنہ کنکریٹ میں لگے ماربل کے اوپر نشان پڑ جاتے ہیں، جو بھدے نظر آتے ہیں۔
لگژری وینائل ٹائل
اس مواد کا فرش بنانے کے لیے ماربل یا لکڑی کے بڑے بڑے چوکھٹے یا تختے لگائے جاتے ہیں، جو ہر سائز اور مختلف پیٹرن میں دستیاب ہوتے ہیں۔ ماربل کے ٹائل زیادہ بہتر رہتے ہیں کیونکہ لکڑی کے تختے بہت زیاد ہ بڑے بھی ہوجاتے ہیں۔ لگژری وینائل ٹائل (Luxury Vinyl Tile) یا تختے کچن اور باتھ روم کے فرش کے لیے انتہائی موزوں ہوتے ہیں اور جیب پر بھاری بھی نہیں پڑتے۔
3D فرش
فرش چاہے کسی بھی تعمیراتی مواد سے بنا ہو، آپ اس فرش پر ایسی سحر انگیز تصاویر سے سجا سکتے ہیں کہ دیکھنے والوں کو گھر میں جنگل کی رعنائی، سمند ر کا سماں، بادلوں کی سواری وغیرہ جیسےتجربات کا احسا س ہو۔ یہ فریب نظری یا جدّت طرازی 3D فلورنگ کی مرہونِ منت ہے، جس کا استعمال کرتے ہوئے آپ گھر آئے مہمانوں کو حیران کرسکتے ہیں۔ ہر چند 3D فرش کو نصب کرنا اوراس کی بھرائی واقعی پیچیدہ عمل ہے، لیکن ایک بار یہ ہوجائے تو پھر آپ اور گھر والے بھرپور لطف اٹھا سکتے ہیں۔
لکڑی
لکڑی کا فرش بنانے کے لیے لکڑی کو لیمینیشن سے گزار کر فرش پر لگایا جاتا ہے۔ لکڑی سے بنائے گئے فرش درجہ حرارت کنٹرول کرنے میں اہم کردار اداکرتے ہیں۔ یہ اپنے اندر ایک خاص قسم کی نفاست اور دلکشی رکھتا ہے۔ اگرچہ لکڑی کافرش عام فرش کی بنسبت زیادہ مہنگا ہوتا ہے لیکن یہ پائیداری اور خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہے۔
اس کی صفائی کے لیے ویکیوم کلینر لازمی ہونا چاہیے۔ پانی سے فرش صاف کرنا ہو تو گیلے کپڑے کا پوچا لگائیں، ناں کہ براہ راست پانی سے دھوئیں ورنہ پانی اپنا داغ لکڑی پر چھوڑ دے گا۔ لکڑی کچھ عرصے بعد اپنی چمک کھو دیتی ہے، جس کے لیے اس پر پالش کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
اسٹینسلڈ ووڈ فلور(Stenciled Wood Floor) لکڑی کا ایک ٹھوس فرش ہے، جس میں اسٹینسل یعنی نقش ونگا روالے خاکوں سے نقش و نگار بنائے جاتے ہیں۔ آپ لکڑی کے فرش پر براہ راست کوئی بھی اسٹینسل یعنی نقش و نگار منتخب کرکے پینٹ کرواسکتے ہیں۔
پلائی ووڈ فوکس پلانک فلورنگ (Plywood Faux Plank Flooring) روایتی ہارڈ ووڈ فلورنگ کے مقابلے میں بہت ارزاں ہے اور آپ کے فرش کو دیدہ زیب بناتی ہے، جسے بچھانا بھی آسان ہوتاہے۔ ا سے خشک ایریا میں لگائیں جہاں پانی فرش پر نہ گرتا ہو، ورنہ یہ جلد خراب ہو جائے گی۔ٍ