• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجوزہ آئینی ترمیم: اختر مینگل کا 2 ووٹ کے بدلے 2 ہزار لاپتہ افراد کی فوری بازیابی کا مطالبہ، ذرائع

سردار اختر مینگل : فوٹو فائل
سردار اختر مینگل : فوٹو فائل

سینیٹ میں بلوچستان عوامی پارٹی (مینگل)  کے 2 ووٹ اہمیت اختیار کر گئے۔ اختر مینگل نے سینیٹ کے 2  ووٹ کے بدلے 2 ہزار لاپتہ افراد کی فوری بازیابی کا مطالبہ کردیا۔

سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سردار اختر مینگل سے رابطہ کیا اور انہیں مطالبات پر بات چیت کی یقین دہانی کروائی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار اختر مینگل نے آئینی ترامیم کا مسودہ مانگ لیا، صادق سنجرانی نے بی این پی مینگل کے سربراہ کے مطالبات پر تبادلہ خیال کیا۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں میں آئینی ترامیم آج پیش کیے جانے کا امکان ہے، مجوزہ آئینی ترامیم ایوان میں لانے سے پہلے وفاقی کابینہ کا اجلاس تاخیر کا شکار ہوگیا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کا 6 نکاتی ایجنڈا جاری

دوسری جانب قومی اسمبلی کے اجلاس کا 6 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔

آج کے ایجنڈے میں وقفہ سوالات کے علاوہ 2 توجہ دلاؤ نوٹس شامل ہیں جبکہ صدر کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے خطاب پر اظہارِ تشکر بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

اراکین کی جانب سے نقطہ اعتراضات اٹھانے کا معاملہ ایجنڈے میں شامل ہے۔

اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے مجوزہ آئینی ترامیم کا بل ضمنی ایجنڈے کے ذریعے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق عدلیہ سے متعلق آئینی ترمیم میں سپریم کورٹ کے ججوں کی مدتِ ملازمت 65 سال سے بڑھا کر 68 سال کرنے اور ہائی کورٹس کے ججوں کی مدتِ ملازمت 62 سال سے بڑھا کر 65 سال کرنے کی تجویز شامل ہے۔

جج تقرری کے طریقہ کار میں بھی تبدیلی کا امکان ہے۔ جوڈیشل کمیشن اور پارلیمانی کمیٹی کو ایک بنانے کی تجویز آئینی ترمیم کا حصہ ہوگی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل قومی اسمبلی کا اجلاس آج ساڑھے 11 بجے طلب کیا گیا تھا جس کا 6 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا تھا تاہم اب قومی اسمبلی کے اجلاس کا وقت تبدیل کردیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید