پاکستان کے مایہ ناز باکسر محمد وسیم ورلڈ باکسنگ کونسل کےتحت ہونےوالے انٹرنیشنل پروفیشنل سلور ٹائٹل کےلئے آج رنگ میں اتر رہے ہیں۔
کوئٹہ سے تعلق رکھنےوالے 28سالہ محمد وسیم پاکستان کےپہلے باکسر ہیں جو کہ ڈبلیو بی سی انٹرنیشنل پروفیشنل ٹائٹل کےلئےفائٹ کریں گے۔
52کلو گرام کی فلائی ویٹ کیٹگری کی یہ فائٹ جنوبی کوریا کےشہر سیئول میں سترہ جولائی کو ہوگی جہاں ان کا سامنا فلپائن کے مایہ ناز باکسر جیتھر اولیوا سے ہوگا۔
محمد وسیم کامن ویلتھ گیمز، کمبیٹ گیمز چائنا، کنگز کپ، بنکاک، جنوبی ایشائی گیمزبنگلہ دیش ،پریذیڈنٹ کپ انڈونیشیا،بےنظیر بھٹو انٹرنیشنل ٹورنامنٹ سمیت متعدد ٹورنامنٹس میں حصہ لے چکے ہیں۔
آج ہونے والی فائٹ کےلئے انہوں نے دو ماہ امریکہ میں خصوصی تربیت حاصل کی اور پھر جاپان میں کچھ عرصہ گزارنے کےبعد اب وہ اس فائٹ کےلئے بھرپور تیار ہیں۔
محمد وسیم کی جنوبی کوریا میں ہونےوالی بلاک بسٹر فائٹ کے حوالے سے کوئٹہ میں ان کے خاندان اور دیگر افراد کافی پرامید ہیں ۔
محمد وسیم 2015میں اپنی پہلی پروفیشنل فائٹ میں اپنے مدمقابل باکسر کو ناک آوٹ کرنےکااعزاز حاصل کرچکے ہیںاوراگر وہ 17 جولائی کو اپنے مدمقابل کو شکست دےدیتے ہیں تو وہ تاریخ رقم کرتے ہوئے عالمی پروفیشنل باکسنگ کی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر آجائیں گے۔