ریپبلیکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر فلوریڈا میں پیش آئے فائرنگ کے واقعے کے بعد حکام نے ممکمنہ شواہد کی تصاویر جاری کردیں۔
امریکی حکام نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گالف کورس کے قریب جھاڑیوں سے برآمد ہونے والے ممکنہ شواہد کی تصاویر جاری کی ہیں۔
سیکریٹ سروس کے ایک ایجنٹ نے اس علاقے میں، جہاں ٹرمپ گالف کھیل رہے تھے، ایک مشتبہ شخص کو باڑ کے قریب رائفل کے ساتھ دیکھا۔ ایجنٹ نے فائرنگ کی، لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ ملزم نے کوئی گولی چلائی یا نہیں۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک AK-47 رائفل، دو بیگ، اور ایک گوپرو کیمرا برآمد کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر ہونے والے قاتلانہ حملے کے بعد ایف بی آئی نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
سیکریٹ سروس کے ایک ایجنٹ نے ٹرمپ انٹرنیشنل گالف کلب، ویسٹ پام بیچ کے باڑ کے باہر سے رائفل کا دہانہ دیکھنے کے بعد مشتبہ شخص پر گولی چلائی تھی، جس پر ملزم فرار ہوگیا تھا، مگر بعد میں اسے حراست میں لے لیا گیا، اور اس کی شناخت ریان ویزلی روتھ کے نام سے کی گئی ہے۔
ملزم ریان ویزلی روتھ کو فلوریڈا کے ہائی وے I-95 پر ایک خودکار لائسنس پلیٹ ریڈر کے ذریعے شناخت کے بعد چند منٹوں میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق مشتبہ شخص فرار ہوتے ہوئے رائفل، 2 بیگ اور کیمرا چھوڑ گیا تھا۔
نیو یارک ٹائمز کے مطابق ریان ویزلی روتھ تعمیرات کے شعبے کا سابق کارکن ہے جو شمالی کیرولائنا کے علاقے گرینسبورو سے تعلق رکھتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق زیرِ حراست شخص کا کوئی باضابطہ فوجی بیک گراؤنڈ نہیں ہے لیکن اس نے ماضی میں خاص طور پر 2022ء میں یوکرین اور روس کی جنگ کے بعد سوشل میڈیا کے ذریعے یوکرین کی جانب سے جنگ میں حصہ لینے کی شدید خواہش کا اظہار کیا تھا۔
دوسری جانب خود پر ہونے والے دوسرے قاتلانہ حملے کے حوالے سے ریپبلیکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں محفوظ اور ٹھیک ہوں، کبھی ہار نہیں مانوں گا۔
واضح رہے کہ امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر 2 ماہ پہلے 13 جولائی کو بھی ریاست پنسلوانیا کی ریلی میں قاتلانہ حملہ ہوا تھا۔