آرٹسٹ سیفی سومرو کی پینٹنگز چوری ہونے کے بعد ڈرامے میں نظر آگئی جس کے بعد پولیس کو فن پاروں کی چوری کی درخواست جمع کروادی گئی۔
سیفی کی اس پینٹنگز کے چوری ہونے کی درخواست فرئیر پولیس اسٹیشن میں جمع کروائی گئی جس میں کہا گیا کہ 2017 میں سیفی سومرو کی پینٹنگز کی نمائش فرئیرہال میں ہوئی تھی۔
درخواست کے متن میں تحریر کیا گیا کہ سیفی کی پینٹنگز واپس کرنے کے بجائے بتایا گیا کہ پینٹنگز چوری ہوگئی ہیں۔ تاہم یہ پینٹنگز ٹی وی ڈرامے میں نظر آئی ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ سیفی سومرو کی پینٹنگز چوری سے متعلق تحقیقات کروائی جائیں۔
دوسری جانب صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت ذوالفقار علی شاہ نے اس معاملے کی چھان بین کےلیے دو رکنی انکوائری کمیٹی بنادی۔
اس سلسلے میں جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ ڈی جی کلچر منور مہیسر اور ڈی جی اینٹکیوٹیز عبدالفتح شیخ پر مشتمل کمیٹی قائم کی گئی ہے جو تحقیقات کر کے 7 روز میں رپورٹ صوبائی وزیر کو پیش کرے گی۔