• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی ممالک کیلئے پاکستانی ایئرلائنز کی بحالی کب ہوگی؟ یورپی حکام نے بتادیا

پاکستانی ایئرلائنز کی یورپی ممالک میں بحالی کے معاملے پر یورپی حکام نے کہا ہے کہ پاکستان کے کیس کو میرٹ پر دیکھ کر ایئرلائنز بحالی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور یورپی ایوی ایشن حکام کا آن لائن اجلاس ہوا، جس میں ڈی جی سی اے اے نادر شفیع ڈار سمیت سی اے اے کے تمام شعبہ جات کے ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ 

اپنی بریفنگ کے دوران سی اے اے حکام نے بتایا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام ریگولیٹری اقدامات مکمل کرلیے۔

سی اے اے حکام نے بتایا کہ پائلٹس لائسنس شعبہ میں امتحانات کے نظام کو مکمل اپ گریڈ کردیا ہے، فلائٹ اسٹینڈرڈ اور ایئروردینیس میں انسپکٹرز کی تعداد کو یورپی یونین کے معیار کے تحت بڑھا دیا ہے۔

بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور ریگولیٹری شعبوں پر مشتمل پاکستان سول ایوی ایشن قائم کردی ہے۔

حکام نے درخواست کی کہ پی آئی اے سمیت تمام پاکستانی ایئرلائنز پر 4 سال سے عائد پابندی ہٹائی جائے۔

دوسری جانب یورپی ایوی ایشن ایجنسی کے حکام نے بتایا کہ یورپی ایئر سیفٹی کمیٹی کا اجلاس نومبر میں ہوگا۔ پاکستانی ایئرلائنز بحالی پر غور کیا جائے گا۔

یورپی حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ نومبر کے جائزہ اجلاس سے قبل پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی تمام ریگولیٹری اقدامات مکمل کرے۔

یورپی حکام نے جواب دیا کہ پاکستان کے کیس کو میرٹ پر دیکھ کر پاکستانی ایئرلائنز بحالی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید