پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حبا علی نے 5 سال اسکرین سے دور رہنے کی وجہ بتا دی۔
حبا علی نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی نجی زندگی اور شوبز کیریئر کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں نے اپنے بیٹے کی وجہ سے اپنے شوبز کیریئر کی قربانی دی کیونکہ مجھے اس کی دیکھ بھال کرنی تھی اور اس کی تعلیم و پرورش میرے لیے سب سے اہم کام تھے۔
اداکارہ نے بتایا کہ بیٹے کی ذمے داری کے علاوہ اس وقت میں طلاق کے بعد سامنے آنے والے مسائل اور دیگر ذاتی معاملات کا بھی سامنا کر رہی تھی۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں نے اپنے بچپن میں اپنی والدہ کو بطور فلائٹ اٹینڈنٹ کام کرتے ہوئے پندرہ پندرہ دن گھر سے دور رہتے دیکھا ہے اور اس دوران میں خود کو گھر پر اکیلا محسوس کرتی تھی۔
حبا علی نے بتایا کہ اس لیے میں نہیں چاہتی تھی کہ ماں سے دور رہنے کی وجہ سے جیسا بچپن میں نے خود گزارا ویسا ہی بچپن میرا بیٹا گزارے اور بالخصوص ایسے وقت میں جب اس کے پاس باپ بھی موجود نہیں ہے۔
اُنہوں نے لڑکیوں کے شادی سے گھبرانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ آج کل کے مرد اچھے نہیں ہیں، مردوں کے برے رویے نے آج کل کی لڑکیوں کو خوفزدہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے لڑکیاں شادی کرنے سے ڈرتی ہیں اور کسی بھی لڑکے پر بہت مشکل سے بھروسہ کرتی ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ آج کل لڑکیاں کسی سے بھی شادی کرنے کا فیصلہ کرنے میں بہت وقت لگاتی ہیں، اکثر لڑکیاں تو شادی کا فیصلہ کرنے میں دس دس سال لگا دیتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین مردوں کے مقابلے میں زیادہ وفادار ہوتی ہیں اور جب رشتے کی بات آتی ہے تو خواتین کو اپنی عزتِ نفس کا خیال بہت زیادہ ہوتا ہے۔
حبا علی نے دوسری شادی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ میری دوسری شادی ہو چکی ہے اور میری دوسری شادی کی خبر ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر تو وائرل بھی ہے۔