سکھر (بیور ورپورٹ)کمشنر سکھر محمد عباس بلوچ نے کہاہے کہ حکومت نے پولیو کو ختم کرنے لئے ہنگامی صورت نافذ کی ہے تاکہ ملک کو پولیو سے پاک کرکے دنیا میں اپنا امیج بہتر کیا جاسکے، تمام ڈی ایچ اوز روٹیں امیونائیزیشن پر توجہ دیں ۔وہ کمشنر ہاؤس کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے ہدایت کی کے پولیو کے قطرے پینے سے رہ جانے والے بچوں اور انکاری والدین کے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائے جائیں اور فیلڈ ٹیموں کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنا مائیکرو پلان بہتر کریں اور تمام ڈیٹا ’’ای آر یو‘‘ کو فراہم کیا جائے ۔خواتین ورکرز کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے اور فیلڈ ٹیموں کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ وہ گھر گھر جاکر پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلائیں اور کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔ اجلاس میں ڈی آئی جی سکھر، ایس ایس پیز، ڈپٹی کمشنرز ، ڈبلیو ایچ او ، محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ کمشنر سکھر نے ڈپٹی کمشنرز،محکمہ صحت کے متعلقہ عہدیدار اور مانیٹرنگ افسرا ن کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں جا کرپولیو ٹیموں کے مائیکرو پلان کا جائزہ لیں اور مائیکرو پلان، لاگ بک اور ٹیلی شیٹس میں موجود خامیوں کو درست کریں ۔ انہوں نے کہا کہ روٹین امیونائزیشن پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے اور بچوں کو بنیادی ٹیکے نہ لگائے جانے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔