وزیرِ خوراک خیبرپختونخوا ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام بانی پی ٹی آئی پر اعتماد کرتے ہیں۔
’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ لاہور میں جلسہ ضرور ہو گا، اگر نہیں ہوا تو پنجاب کے شہر شہر، گلی گلی میں پی ٹی آئی کا جلسہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے ہدایات کی ہیں کہ لاہور جلسے میں شرکت کریں، وزیرِاعلیٰ کے پی نے بھی واضح ہدایات دی ہیں کہ ہر صورت جلسے میں شرکت کریں۔
ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ کے پی سے ضرور لوگ لاہور میں جلسے کے لیے جائیں گے، ہم تصادم نہیں چاہتے، پُرامن طریقے سے جلسے میں شرکت کرنا چاہتے ہیں، مولانا فضل الرحمٰن نے بھی لاہور میں جلسہ کیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم نے جلسہ سنجانی میں کیا، اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، یہ ہمیں بتا رہے تھے کہ 7 بجے تک جلسہ ختم کریں، کیا ہم پارلیمنٹ میں جلسہ کر رہے تھے؟
ظاہر شاہ طورو نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے پوری کوشش کی کہ جلسے کو ناکام بنایا جائے۔