وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کے لوگ عقل مند ہیں، پرفارمنس پر توجہ دیتے ہیں، میں نہیں سمجھتی کہ بانیٔ پی ٹی آئی پنجاب میں مقبول ہیں۔
’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اسلام آباد کے جلسے میں صرف خیبر پختون خوا کے لوگ آئے، یہ لوگ ملک کو توڑنے کی بات کرتے ہیں، اداروں کو دھمکیاں دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کے پی میں 6 ماہ سے صرف جلسے جلوس ہو رہے ہیں، خیبر پختون خوا ہزار ارب روپے کا مقروض ہے، مقبولیت تو سائفر پر تھی، جھوٹے بیانیے بنا کر یہ کب تک عوام کو بیوقوف بنا سکتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یہ عجیب و غریب لوگ ہیں، ان میں کوئی تہذیب نہیں، سلمان اکرم راجہ پڑھے لکھے ہیں لیکن ان کا لہجہ بھی ویسا ہی ہے، کوئی شخص بانیٔ پی ٹی آئی یا علی امین گنڈا پور کی طرح نہ بولے تو وہ پی ٹی آئی میں نہیں رہ سکتا۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ ملک میں مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے، بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا گیا ہے، ایک صوبے کے وزیرِاعلیٰ کو اسی صوبے کی خدمت کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے، اسے دوسرے صوبے پر یلغار کرنے کا مینڈیٹ نہیں ملا۔