انتہا پسند ہندو جماعت نونرمان سینا (ایم این ایس) کے رہنما امیا کوپکر نے اپنے دھمکی آمیز بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی اداکار فواد خان کو پسند کرنے والے بھارتی غدار ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انتہا پسند ہندو پاکستان کی کامیاب ترین فلم’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی بھارت میں ریلیز کو رکوانے کے لیے سرگرم ہو گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نونرمان سینا کے رہنما امیا کوپکر نے دھمکی آمیز بیان میں کہا کہ بھارتی فلم کمپنی کا پاکستانی فلم بھارت میں ریلیز کرنے کا اعلان اشتعال انگیز ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ہمارے رہنما راج ٹھاکرے کا حکم ہے کہ پاکستانی فلم’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو بھارت میں ریلیز نہ ہونے دیا جائے اور ہم ان کے حکم پر عمل کریں گے۔
یاد رہے کہ راج ٹھاکرے پاکستان اور مسلمان دشمن بال ٹھاکرے کا بھتیجا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی کامیاب ترین فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو 2 اکتوبر کو بھارتی سنیما گھروں میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس سے قبل بھارت میں یہ فلم دسمبر 2022ء میں ریلیز ہونے والی تھی لیکن انتہا پسند ہندو گروپس اور مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کی شدید مخالفت کی وجہ سے اس فلم کی ریلیز کو منسوخ کرنا پڑا تھا۔
فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ 13 اکتوبر 2022ء کو دنیا بھر میں ریلیز ہوئی تھی اور اس نے باکس آفس پر غیر معمولی کامیابی حاصل کی تھی۔
فلم 1979ء کی کلاسک مولا جٹ کی ری میک ہے، فلم لیجنڈ آف مولا جٹ میں فواد خان، ماہرہ خان اور حمائمہ ملک جلوہ گر ہوئے ہیں۔