بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کے سیکیورٹی قافلے میں زبردستی گُھسنے پر بھارتی پولیس نے 21 سالہ نوجوان عذیر فیض محی الدین کو گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 18 ستمبر کو جب سلمان خان محبوب اسٹوڈیو کے پاس سے گزرے تو سیکیورٹی اہلکاروں کی متعدد وارننگ ملنے کے باوجود بھی موٹرسائیکل پر سوار عذیر فیض محی الدین تیز رفتاری سے اداکار کی گاڑی کے بے حد قریب آ گیا۔
جس کے بعد مقامی پولیس نے اس نوجوان کی موٹر سائیکل ضبط کر لی اور بھارتیہ نیا سنہیتا کی دفعہ 125 (زندگی یا سیکیورٹی کو خطرے میں ڈالنے) اور دفعہ281 (ریش ڈرائیونگ) کے تحت اس کے خلاف ایک ایف آئی آر بھی درج کی گئی۔
اس معاملے کی مزید تحقیق کرنے پر یہ بات سامنے آئی کہ موٹر سائیکل سوار نوجوان کو معلوم نہیں تھا کہ وہ سلمان خان کے سیکیورٹی قافلے کا پیچھا کر رہا ہے۔
پولیس نے نوجوان کے بیانات میں شک کی کوئی وجہ نہ ملنے کے بعد اسے رہا کر دیا۔
یاد رہے اس سے قبل سلمان خان کے والد سلیم خان کو دھمکی دینے والے دو افراد کو بھی پولیس نے گرفتار کر لیا جنہوں نے گینگسٹر لارنس بشنوئی کا نام لے کر اُنہیں دھمکایا تھا۔