راولپنڈی میں واقع اڈیالہ جیل کی خصوصی عدالت کی جانب سے بانیٔ پی ٹی آئی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت 24 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
اڈیالہ جیل کی خصوصی عدالت کی جانب سے وکلائے صفائی کی درخواست پر ریفرنس پر سماعت ملتوی کی گئی ہے۔
بانیٔ پی ٹی آئی کے وکیل ظہیر عباس چوہدری نے کل تفتیشی آفیسر پر جرح مکمل کی تھی۔
بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل آئندہ سماعت پر تفتیشی افیسر پر جرح جاری رکھیں گے۔
نیب پراسیکیوٹر نے ہفتے کو بھی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت کی استدعا کی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کرنے کی وکلاء کی استدعا مسترد کر دی تھی۔
عدالت نے گواہ پر جرح کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے سماعت ایک دن کے لیے ملتوی کی تھی۔