ترجمان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کہنا ہے کہ ممکنہ رکاوٹوں کو ہٹانے کیلئے ہیوی مشینری استعمال کی جائے گی، پشاور موٹروے پر 50 ہیوی مشینریز پہنچا دی گئی ہیں، کرین، شاول اور دیگر ہیوی مشینری سے راستے میں کنٹینرز کو ہٹایا جائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور جلسے کےلیے خیبر پختونخوا کے قافلوں کےلیے وقت تبدیل کر دیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا سے قافلے اب صبح 10 بجے صوابی پہنچیں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ راستے میں ممکنہ رکاوٹوں کے باعث وقت تبدیل کیا گیا ہے، ممکنہ رکاوٹوں کو ہٹانے کےلیے ہیوی مشینری استعمال کی جائے گی، پشاور موٹروے پر 50 ہیوی مشینریز پہنچادی گئی ہیں۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ ہیوی مشینری قافلے سے پہلے لاہور کی طرف روانہ ہوں گی۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کےلیے کنٹینر تیار کر لیا گیا ہے، وزیراعلیٰ صوابی سے لاہور جلسےکےلیے کنٹینر میں روانہ ہوں گے۔
اُدھر خیبر پختونخوا اور پنجاب کے سرحدی چیک پوسٹ پر اٹک پولیس نے درجنوں کنٹینرز پہنچا دیے ہیں جبکہ گاڑیوں کی چیکنگ بھی سخت کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو کل ایس او پیز کے ساتھ لاہور میں جلسے کی اجازت دے دی، تاہم جلسے کے ضوابط میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو 8 ستمبر کے جلسے میں سخت زبان استعمال کرنے پر معافی مانگیں گے۔