یکسانیت سے اکتاہٹ انسان کی جبلت میں شامل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم گھر کی تزئین و آرائش کے معاملے میں بھی ہر کچھ عرصہ کے بعد نئے پن کی خواہش رکھتے ہیں۔ اگر آپ بھی اپنے پرانے طرز کے گھر اور یکسانیت سے بھرے لائف اسٹائل سےاُکتا چکے ہیں تو کوشش کرکے کچھ تبدیلی لانے کا سوچیں اور ایسے ٹرینڈز اپنائیں جو دورِ جدید کی ضروریات اور رجحان کے مطابق ہوں۔ ان ٹرینڈز پر عمل کرتے ہوئے آپ کچھ کچن میں بدلائو لائیں، بیڈروم کو ٹھیک کریں یا ڈرائنگ روم میں نئی جوت جگائیں۔ اگر آپ کے من میں اپنے گھر کو نیا پن دینے کا خیال سمایا ہے تو آپ کے لیے کچھ منفرد ٹرینڈز حاضر ہیں جو ان دنوں سب کی پسند ہیں۔
پرانی اشیا سے سجاوٹ
کہتے ہیں گزرا وقت پلٹ کر نہیں آتا، لیکن کچھ ٹرینڈ زپلٹ کر واپس آ جاتے ہیں، خاص طور پر جب گھر کی سجاوٹ کے ٹرینڈز کی بات ہو۔اگر ونٹیج چیزوں کی بات کریں تو و ہ نئے انداز اور پرانی تفصیلات کے ساتھ ہی وارد ہوئی ہیں جیسے کہ 19ویں اور 20ویں صدی کے اوائل میں فرنیچر کے آٹئمز میں کرسیوں کے پائے پیچھے کی طرف نکلے ہوئے ہوتے تھے اور گھر میں چرخے بھی نظر آتے تھے۔
تاہم، ضروری نہیں کہ گھر کے ہر حصے میں آپ ونٹیج اشیا رکھیں، البتہ آپ ایک آدھ چیز کو اپنے ڈرائنگ روم کا حصہ بنا سکتے ہیں۔ یہ آپ کی صوابدید پر ہے کہ کس چیز کا انتخاب کرتے ہیں۔
گہرا نیلا رنگ
2020کے عشرے کےلیے امریکی کمپنی پینٹون نے گہرے نیلے رنگ (کلاسک بلیو) کا انتخاب کیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ آپ رواں عشرے کے دوران آپ نیلے رنگ کے بہت زیادہ شیڈز دیکھنے کی توقع کرسکتے ہیں۔ اس رنگ کی خاصیت یہ ہے کہ یہ مکمل طور پر ورسٹائل اور نفیس ہے۔
انٹیریئر ڈیزائنرز کے مطابق روایتی اور جدید گھریلو انداز میں کلاسک بلیو رنگ گھر کے اندرونی اور بیرونی حصوں میں عمدہ کنٹراسٹ فراہم کرتا ہے۔ چاہے آپ اپنے آئی لینڈ کچن کو اَپ گریڈ کرنا چاہتے ہوں یا اسے آئی لینڈ کچن میں اَپ گریڈ کرنا مقصود ہو یا پھر لکڑی کی تراش خراش کا کام ہو، کلاسک بلیو رنگ ڈرامائی انداز سے اس میں نیا روپ لے آتاہے۔
فلورل وال پیپرز
اگر آپ کو فلورل وال پیپرز پسند ہیں تو آپ کے لیے خوشی کی بات یہ ہے کہ اس سال فلورل وال پیپرز کا ٹرینڈ پھر سے اُبھر کر سامنے آیا ہے۔ آپ اس کے نت نئے ٹرینڈز دیکھ کر اپنے خیالات یقیناً بدل لیں گے۔ انٹیریئر ڈیزائنر ز کے مطابق، پھولوں کے وال پیپرز برسوں سے استعمال میں ہیں لیکن اب یہ پہلے سے کہیں زیادہ جدید، اَپ ڈیٹڈ اوربڑے پیمانے پر بولڈ رنگوں، یہاں تک کہ میٹل ورژن میں بھی دستیاب ہیں۔ فلورل وال پیپرز باتھ روم اور ڈیوڑھی وغیرہ کے لیے بھی عمدہ انتخاب ثابت ہوتے ہیں۔ فلورل وال پیپرز کے دراصل ہزاروں آپشنز ہیں، جس میں سے کچھ کا انتخاب کرنا بہت مشکل ہوتاہے۔
ہائی کنٹراسٹ ڈیکور
ہائی کنٹراسٹ ڈیکور بھی آجکل بہت ’اِن‘ ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اگر آپ ہمیشہ اپنے گھر میں سفید رنگ کرتے آئے ہیں تو اب وقت آگیا ہے کہ کنٹراسٹ رنگوں کے بارے میں غور کریں۔ ایک طویل عرصے سے سفید یا ہلکے رنگوں والا پینٹ کیا جاتا رہا ہے لیکن اب ہم سیاہ کشن کو سفید فریم والی ایک کرسی پر دیکھیں گے یاہلکے رنگ کے ہارڈویئر کے ساتھ گہرے رنگ کی لکڑی سے بنی کنسول ٹیبل نظر آئے گی۔
کچن اب سفید نہیں
اگر2010ءکے بعد کسی ڈیزائن کا ٹرینڈ موجود تھا تو وہ سفید کچن کا تھا لیکن2020ء کے بعد انٹیریئر ڈیزائنرز کچن کی آرائش کے لیے سفید یا ہلکے رنگوں سے آگے سوچنے لگے ہیں۔ مثال کے طور پر قدرتی لکڑی سے بنی الماریاں، آئی لینڈ کچن اور شیلف اب نئے رنگوں میں دیکھنے کو ملتے ہیں۔ یعنی آپ کو گھر کی آرائش بغیر کسی پابندی کے اپنے روشن اور پُرجوش خیالات کے مطابق کرنے کی کھلی آزادی ہے۔
پاپ اَپ کیبنٹس
اگر آپ واقعی سفید رنگ کے کچن کے ٹرینڈ کو پیچھے چھوڑنا چاہتے ہیں تو گھر کی آرائش کے لیے رنگین کیبنٹس کا انتخاب کریں۔ ماہرین کے مطابق اس کے لیے آپ ایک یاایک سے زیادہ عناصر کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
کینوپی بیڈز
اب وقت آگیا ہے کہ آپ کینوپی بیڈز کےخیالات کو حقیقت کا روپ دیں۔ چھتری والے بستر یعنی کینوپی بیڈز کو اب بھاری کپڑوں اور ہیڈ بورڈز میں رنگنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایکریلک، دھات اور پتلے فریموں کے ساتھ بنے جدید ورژن ٹرینڈ میں واپس آچکے ہیں۔
پیٹینا اسٹائل
انٹیریئر ڈیزائنرز کے مطابق ابھرتے ہوئے ڈیزائن ٹرینڈز میں سے ایک پیٹینا بھی ہے، جس میں زیادہ پرانےفرنیچر کے علاوہ چکنی مٹی اور سرخی مائل بھورے رنگ والے مٹی کے برتن اور سرامکس سے بنی آرائشی اشیا دیکھنے کو مل سکتی ہیں۔