• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری


اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے خیبر پختون خوا کے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور اور واثق قیوم عباسی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیے۔

عدالت نے راجہ راشد حفیظ اور عامر محمود کیانی کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں جبکہ عمر تنویر بٹ کو مسلسل غیر حاضری پر اشتہاری قرار دے دیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت تھانہ آئی 9 میں مقدمہ درج ہے۔ علی امین گنڈاپور کی جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں درخواستِ ضمانت بھی خارج کردی گئی۔

علاوہ ازیں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج طاہر عباس سِپرا نے فیصل جاوید کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی اور سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

علی امین گنڈاپور کی جانب سےحاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی عدالت میں جمع کرادی گئی ہے۔

پراسیکیوٹر راجہ نوید نے کہا کہ عدالت ملزم کا کنڈکٹ دیکھ لے، مسلسل خلاف ورزی ہو رہی ہے۔

جج طاہر عباس سِپرا نے کہا کہ پچھلی مرتبہ حاضری سے معافی کی درخواست دی تھی جبکہ جلسے میں طبیعت ٹھیک تھی۔

عدالت میں وکیل ظہور الحسن نے کہا کہ عدالت آج استثنیٰ کی درخواست منظور کرے، یقین دہانی کرواتا ہوں کہ علی امین گنڈا پور حاضر ہوں گے۔

قومی خبریں سے مزید