مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے سیل اور ڈسکاؤنٹ کے گُمراہ کُن اعلانات پر نوٹس لیتے ہوئے 20 مختلف برانڈز کو نوٹسز جاری کردیے ہیں۔
کمیشن اعلامیے کے مطابق مختلف رٹیلز اسٹورز کی جانب سے "سیزن کی اختتامی سیل" کے نام پر ڈسکاؤنٹ کے نام پر گُمراہ کُن اشتہارات اور اعلانات پر 20 مختلف برانڈز کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
مسابقتی کمیشن نے ڈسکاؤنٹ کے مبہم اعلانات اور سیل آفرز پر وضاحت طلب کرلی ہے۔
کمیشن نے راولپنڈی اور اسلام آباد کے جڑواں شہروں میں مختلف مارکیٹوں کا سروے کیا اور مشاہدہ کیا گیا کہ مختلف برانڈز نے اپنی مصنوعات کی اینڈ سیزن سیل پر ایک متاثر کن شرح جیسے کہ’30 فیصد، 50 فیصد تک ڈسکاونٹ‘ کے اعلانات آویزاں کر رکھے ہیں تاہم اسٹور میں جانے پر معلوم ہوتا ہے کہ یہ سب سے زیادہ ڈسکاؤنٹ، کم مقبول پراڈکٹ پر ہیں جبکہ مقبول پراڈکٹ پر ڈسکاؤنٹ کی پیشکش بہت ہی کم یا نہ ہونے کے برابر تھی۔
مسابقتی کمیشن نے صارفین کو بھی محتاط رہنے اور ڈسکاؤنٹ سے متعلق تمام معلومات کی تصدیق کرنے کی ہدایت کی ہے۔