اسلام آباد (نمائندہ جنگ)مسابقتی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نےکہا ہےکہ کمیشن نے چینی، گندم، پولٹری، سیمنٹ، آٹوموبائل اور ٹیلیکام کے شعبوں میں کارٹیلائزیشن پر 74 ارب روپے کے جرمانے عائد کئے ہیں اسوقت کئی اہم مقدمات سپریم کورٹ میں زیر التوا ہیں جو حتمی فیصلوں کے منتظر ہیں انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ کارٹیلائزیشن اور کمپٹیشن مخالف سرگرمیوں کیخلاف سی سی پی کی کوششوں کی حمایت کریں ، کمپٹیشن قانون پر ایڈواکسی سیشن کے دوران تاجروں اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران سے خطاب کر تے ہوئے ڈاکٹر سدھو نے تمام تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں میں آزادانہ اور منصفانہ کمپٹیشن کو یقینی بنانے میں سی سی پی کے اہم کردار پر زور دیا جس کا مقصد مارکیٹ کے غلط استعمال کو روکنا اور اچھی گورنس کو فروغ دینا ہے، مسابقتی کمیشن اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا اشتراک صحتمند کاروباری ماحول کے فروغ میں بعض کاروباری اداروں کی جانب سے غیر منصفانہ طرز عمل سے متعلق خدشات اور شکایات کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کریگا۔