اسرائیل پر لبنان پر حملوں میں ایک دن میں کم از کم 356 افراد شہید اور 12 سو سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ شہداء میں 24 بچے اور 42 خواتین شامل ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق لبنانی وزیر صحت فراس الابیض نے پریس کانفرنس کی اور اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والوں اور زخمیوں کی تعداد کی تصدیق کی۔
انہوں نے کہا کہ لبنانی علاقوں پر اسرائیل کے فضائی حملوں میں 356 افراد شہید ہوئے، جن میں 24 بچے بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 12 سو تک پہنچ چکی ہے۔
لبنانی وزیر صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 2 امدادی کارکن بھی شہید اور 16 زخمی ہوئے جبکہ 2 ایمبولینس گاڑیاں بھی تباہ ہوئی ہیں۔
اسرائیل اور حزب اللّٰہ کے حالیہ تنازع میں آج کا دن سب سے مہلک ثابت ہوا ہے، لبنانی وزیراعظم نے اسرائیلی حملوں کو تباہی و بربادی کی جنگ قرار دیا۔
دوسری طرف اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ حملے اُس وقت تک جاری رہیں گے جب تک ہم اہداف حاصل نہیں کرلیتے، ہم نے حزب اللّٰہ کے خلاف حملوں کو وسیع کردیا ہے۔
اسرائیل کی طرف جنوبی لبنان میں پیغامات بھیجے جارہے ہیں کہ وہ حزب اللّٰہ کے زیر استعمال جگہوں کو چھوڑدیں۔
حزب اللّٰہ نے بھی اسرائیل پر درجنوں راکٹ فائر کیے اور تل ابیب کی طرف میزائل داغے، جن میں شمالی علاقے کی اسرائیلی فوجی چوکیوں، حیفہ شہر میں رافیل ڈیفنس انڈسٹری کمپلیکس کو نشانہ بنایا گیا۔
ایران کا کہنا ہے کہ صہیونیوں کو لبنان میں اس نئے ایڈونچر کے خطرناک نتائج بھگتنا ہوں گے۔