• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا ہے میانوالی کے بجائے پنڈی میں جلسہ کریں: بیرسٹر محمد علی سیف

بیرسٹر سیف---فائل فوٹو
بیرسٹر سیف---فائل فوٹو 

مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ بانیٔ تحریکِ انصاف نے کہا ہے کہ میانوالی کے بجائے پنڈی میں جلسہ کریں۔

 میڈیا سے گفتگو کے دوران  انہوں نے کہا کہ جلسے کی اجازت کے لیے راولپنڈی انتظامیہ کو درخواست دے دی ہے۔

بیرسٹرسیف کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کے بعد لاہور میں جلسہ کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئینی ترامیم ہونی چاہئیں لیکن موجودہ حکومت آئین میں ترامیم کے قابل نہیں، پہلے الیکشن کے نتائج ٹھیک کیے جائیں پھر ترامیم کریں۔

اس سے قبل بانیٔ پی ٹی آئی کی جانب سے اگلے چیف جسٹس کی تقرری کا اعلان جَلد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا کہ اگلے چیف جسٹس کی تقرری کا اعلان جلد کیا جائے، جسٹس منصور علی شاہ کو مکمل بیک کرتے ہیں۔

بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا کہ آئینی عدالت کا مقصد سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی پاور کو ختم کرنا ہے، حکومت ساری عدلیہ کو تباہ کرنے پر لگی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن فراڈ کو کور کرنے کے لیے ان کو اپنے ججز چاہئیں، یہ چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کسی بھی طرح سے اوپر نہ آئے۔

قومی خبریں سے مزید