وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے نیویارک میں ملاقات کی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور انتونیو گوتیرس کی ملاقات یو این جنرل اسمبلی کے موقع پر ہوئی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے سیکرٹری جنرل کو جموں و کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دی اور مقبوضہ وادی میں بھارت کی جارحانہ کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام کےلیے تنازعہ حل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔ سیکریٹری جنرل کشمیریوں کا حق خودارادیت یقینی بنانے کےلیے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں۔
وزیراعظم نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی نسل کشی مہم کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے غزہ میں فوری اور غیرمشروط جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور کہا عالمی برادری اسرائیل کا احتساب کرے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کےلیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔