کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی باکسر محمد وسیم نے سیول میں ہونے والے ڈبلیو بی سی انٹرنیشنل سلور فلائی ویٹ میں فلپائن کے جیتھر اولیوا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ یہ کسی بھی پاکستانی باکسر کا ڈبلیو بی سی انٹرنیشنل پروفیشنل کا پہلا ٹائٹل ہے،ان کی جیت پر ملک بر میں خوشی کا ظہار،شاندار کارکردگی پر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے محمد وسیم کی کامیابی پر انہیں مبارکبادی اور کہا کہ محمد وسیم نے پاکستان اور بلوچستان کا نام پوری دنیا میں بلند کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر کھیل مجیب الرحمان محمد حسنی نے محمد وسیم کے لئے 5 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان اس ٹائٹل کے لیے فائٹ کر چکے ہیں۔ وسیم نے12 مقابلوں کے بعد بڑی فتح اپنے نام کی۔50.8 کلو گرام کے فلائی ویٹ مقابلے میں فائٹ12 راؤنڈز پر مشتمل مقابلے میں دونوں میں سے کوئی بھی باکسر اپنے حریف کو ناک آئؤٹ نہ کر سکا جس کے بعد میچ ریفریز نے پوائنٹس کی بنیاد پر پاکستانی باکسر کو فاتح قرار دیا۔ کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے ٹاپ باکسر محمد وسیم پاکستان کی جانب سے2014 کامن ویلتھ گیمز میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا اور اس کے بعد سے وہ پروفیشنل باکسنگ میں کچھ کر دکھانے کا عزم لئے قومی ٹیم کو خیرباد کہہ گئے۔ وسیم نے اپنے پروفیشنل کیریر کے آغاز سے پہلے امریکا اور جاپان میں بھی تربیت حاصل کی اور پاکستان کیلئے کامن ویلتھ گیمز میں بھی تمغہ حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے2010 ورلڈ کمبیٹ گیمز میں سونے کا تمغہ بھی جیتا تھا۔ محمد وسیم ٹائٹل جیتنے کے بعد فلائی ویٹ کی عالمی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔ فائٹ سے قبل وسیم کے منیجر کا کہنا تھا کہ 28 سالہ باکسر اپنی زندگی کی سب سے اہم فائٹ کیلئے اس وقت اچھی فارم میں ہیں اور ٹائٹل جیتنے سے ان کے کیریئر میں بہت بڑی تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ وسیم بہترین فارم میں ہیں۔