شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جینس بیسڈ آپریشن میں 8 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور خوارج کےدرمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن 25 اور 26 ستمبر کی شب خوارج کی موجودگی کی اطلاع کی بنیاد پر کیا گیا۔
ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق ہلاک خوارج معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔
صدر آصف علی زرداری نے شمالی وزستان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بہادری و جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 خوارج کو جہنم واصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ معصوم شہریوں کے جان و مال کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی بدولت 8 خوارج جہنم واصل ہوئے، پورے ملک سے خوارج کا عنقریب مکمل خاتمہ ہو گا۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے تمام شہریوں کے جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔