پیرس اولمپکس میں 2 برانز میڈل جیت کر نئی تاریخ رقم کرنے والی خاتون شوٹر مانو بھاکر کو بھارت میں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
میڈلز جیتنے کے بعد مانو بھاکر بھارت کی مقبول ترین شخصیات میں شامل ہو گئیں اور ان کی ہر جگہ پزیرائی ہونے لگی لیکن بھارتیوں نے اب اپنی ہی اسٹار شوٹر کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مانو بھاکر کے بار بار پبلک میں میڈل دکھانے پر اعتراضات کیے جانے لگے ہیں، ان کو سوشل میڈیا پر غیر ضروری تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر الزام لگایا گیا ہے کہ مانو بھاکر غیر ضروری اور حد سے بڑھ کر میڈلز کی نمائش کر رہی ہیں۔
مانو بھاکر نے غیر ضروری تنقید کا جواب دینے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لے لیا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پیرس اولمپکس میں جو 2 برانز میڈل جیتے وہ بھارت کے ہیں، مجھے جہاں بھی دعوت دی جاتی ہے تو مجھے میڈلز دکھانے کا کہا جاتا ہے۔
مانو بھاکر کا کہنا ہے کہ میں میڈلز فخر کے ساتھ دکھاتی ہوں، اپنے خوبصورت سفر کو دکھانے کا یہ میرا اپنا طریقہ ہے۔