اسلام آباد (آن لائن) وفاقی حکومت کی جانب سے پراپرٹی ٹیکس میں اضافے کے فیصلے کے بعد پراپرٹی ڈیلر ز سراپا احتجاج ہو گئے ، وزیر اعظم نواز شریف نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو پراپرٹی ڈیلرز سے مل کر معاملہ حل کرنے کی ہدایت کردی ہے، اسحاق ڈار آج پراپرٹی ڈیلرز کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔ملک بھر میں پراپرٹی ڈیلرز کا احتجاج جاری ہے اور اس معاملے کو حل کرنے کیلئے وزیرا عظم نواز شریف نے اسحاق ڈار کو ذمہ داری سونپ دی ہے۔ایف بی آرذرائع کے مطابق اسحاق ڈار آج پراپرٹی ڈیلرز کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے اور ان کے تحفظات سنیں گے جس کے بعد وزیراعظم کو تفصیلی آگاہ کیاجائے گا۔ حکومت کی جانب سے پراپرٹی ٹیکس میں اضافے کے بعد ملک بھر میں پراپرٹی ڈیلر ز نے احتجاج شروع کر دیا جس سے رئیل سٹیٹ کا کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے اور عید کے بعد اس کاروبار میں بڑی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔