روس کے الٹائی ریجن میں قازقستان کی سرحد کے قریب جھیل برلنسکوئے ایک نمکین جھیل ہے، یہ گرمیوں میں اپنی گلابی رنگت اور روزانہ مال بردار ٹرینوں کے یہاں سے گزرنے کے حوالے سے مشہور ہے۔
تاہم مغربی سائیبریا میں واقع اس گلابی جھیل کے اوپر ایک پرانی مال بردار ٹرین بظاہر جھیل پر تیرتی نظر آئی جو ایک عجیب و غریب تجربہ تھا۔
دراصل جھیل برلنسکوئے سائبیریا میں نمک کا سب سے بڑا ذخیرہ ہے، جس میں نمکین پن بحیرہ مردار جیسا ہے۔
اس غیر معمولی نمکینی کی وجہ سے آرٹیمیا سیلینا نامی خوردبینی جھینگے کی ایک قسم اس جھیل میں پائی جاتی ہے اور جیسے جیسے انکی تعداد موسم گرما کے مہینوں میں بڑھتی ہے تو جھیل کی رنگت چمکدار گلابی ہوجاتی ہے۔
جس کے بعد یہ جھیل ایک عجیب و غریب منظر پیش کرتی ہے۔ لیکن جو چیز اس جھیل کو دیگر جھیلوں سے منفرد کرتی ہے وہ سابق سویت یونین کے عہد سے گزرنے والی مال بردار ٹرین ہے جو روزانہ کئی بار اس جھیل سے گزرتی ہے۔