• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی فون کا آرڈر دینے والے نے موبائل ملتے ہی ڈیلیوری بوائے کو قتل کردیا

علامتی فوٹو
علامتی فوٹو

آئی فون کا آرڈر دینے والے ایک شخص نے موبائل فون ملتے ہی ڈیلیوری بوائے کو پیسے دینے کے بجائے اسے قتل کردیا۔ 

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ واقعہ ریاست اتر پردیش کے شہر چنہاٹ میں پیش آیا۔ 

30 سالہ ملزم نے ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کا آئی فون آن لائن خریدا جسے پہنچانے کےلیے ڈیلیوری بوائے اس کے گھر پہنچا، تاہم ایسے میں رقم کی ادائیگی کے بجائے موبائل فون منگوانے والے نے ڈیلیوری بوائے کو ہی مار ڈالا۔ 

رپورٹس کے مطابق ملزم نے اس متوفی کی لاش کو کینال میں بہادیا جس کی تلاش کےلیے اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کو طلب کیا گیا۔ 

ڈی سی پی ششانک سنگھ کے مطابق ملزم گنجنان نے آن لائن سروس فلپ کارٹ سے موبائل فون کا آرڈر دیا تھا جس کےلیے اس نے رقم کی ادائیگی موبائل فون اس کے بتائے ہوئے پتے پر پہنچنے کے بعد کرنے کا آپشن منتخب کیا تھا۔ 

حکام کے مطابق 23 سالہ بھرت ساہو ملزم گنجنان کے گھر موبائل فون لے کر پہنچا تو اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ساہو کو گلا کاٹ کر قتل کردیا جبکہ لاش کو اندرا کینال میں بہادیا۔ 


مزید پڑھیں: انوکھی واردات، ڈاکوؤں نے ڈیلیوری بوائے سے 12 برگر لوٹ لیے


رپورٹس کے مطابق جب بھرت ساہو دو روز تک گھر نہیں لوٹا تو اس کے اہل خانہ نے 25 ستمبر کو انکی گمشدگی کی رپورٹ جمع کروائی۔

پولیس نے کال ریکارڈز کی مدد سے پہلے گنجنان کا فون نمبر تلاش کیا، جس کے بعد پولیس نے ملزم کے دوست آکاش کو حراست میں لیا جس نے اعتراف جرم کرلیا۔ 

کینال سے متوفی کی لاش اب تک برآمد نہیں ہوسکی جس کی تلاش جاری ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید