وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے تاحال کپتانی کی کوئی بات نہیں کی گئی، آفر ملی تو وہ جلد بازی میں فیصلہ نہیں کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان سے سلیکشن کے حوالے سے بھی کوئی مشاورت نہیں کی گئی جبکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور بنگلادیش ٹیسٹ سیریز میں محمد رضوان کو کسی ٹیم مینجمنٹ کی میٹنگ میں مدعو نہیں کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ کپتانی کی آفر ہوئی بھی تو محمد رضوان جلد بازی میں فیصلہ نہیں کریں گے، وہ کپتانوں کے ساتھ ماضی میں ہوئے سلوک کے حوالے سے تحفظات پہلے پی سی بی کے سامنے رکھیں گے۔
ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں میں پی سی بی کی پالیسیوں پر شدید تحفظات ہیں۔ سینئر کھلاڑیوں میں شاہین آفریدی اور بابر اعظم کے ساتھ پی سی بی کے سلوک پر بھی تحفظات ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے گزشتہ روز کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا جسے آج پی سی بی نے منظور بھی کرلیا۔
بابر اعظم کی جانب سے مستعفی ہونے کے بعد اب محمد رضوان کو ٹیم کی قیادت کےلیے مضبوط امیدوار قرار دیا جارہا ہے۔