نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) نے خیبر پختونخوا میں پولیو کے نئے کیسز کی تصدیق کردی۔
ایمرجنسی سینٹر کا کہنا ہے کہ پولیو لیبارٹری کے مطابق ضلع ٹانک سے ایک بچہ پولیو سے متاثر ہوا ہے، یوں خیبر پختونخوا میں رواں سال اب تک پولیو کیسز کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔
اسی طرح بلوچستان کے ضلع ژوب سے ایک بچی پولیو سے متاثر ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں رواں سال اب تک پولیو کیسز کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔
نیشنل ای او سی نے بتایا کہ پاکستان میں رواں سال پولیو کے کیسز کی تعداد 28 ہوگئی ہے۔
ادھر فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق کا کہنا ہے کہ 28 اکتوبر سے ملک گیر پولیو مہم شروع کی جارہی ہے۔ والدین سے اپیل ہے 5 سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔