کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حیدرآباد میں ڈھائی سالہ بچے میں پولیو کے نئے انکشاف نے انہیں بہت بڑے صدمے سے دوچار کیا ہے۔انہوں نے حیدر آباد میں پولیو وائرس کے ایک نئے کیس کے ظاہر ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے انتہائی مایوسی اور افسوس کا اظہارکیا اور کہا کہ دنیا ترقی کی نئی منزلیں طے کررہی ہے لیکن ہم اب تک اپنے معاشرے کو پولیو کی وبا ئوسے نجات دلانے میں ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین کے عدم تعاون اور انکار کی وجہ سے حکومت کی مسلسل کوششیں خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں کر پار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جو والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلاتے وہ اس وبا کے پھیلا نے میں برابر کے شریک ہیں جس سے ہمارا معاشرہ مزید اس وبا کا شکار ہوتا جارہاہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو رضاکارانہ طور پر پولیو کے قطرے پلا کر اس معذوری سے بچائیں۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ایک نئے کیس کے سامنے آنے سے سندھ میں اب تک پولیو کے پانچ کیسز ہوچکے ہیں جبکہ ملک میں مجموعی طور رپ 24 کیسز رپورٹ ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس کے خاتمے میں ناکامی کی بڑی قیمت ہمارے بچے اور ہم بحیثیت ایک قوم کے ادا کررہے ہیں۔