بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ارچنا پورن سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ساس کی موت پر بھی قہقہہ لگانے کا کہا گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ارچنا پورن سنگھ اپنے قہقہوں کے باعث شہرت رکھتی ہیں، اسی وجہ سے وہ کپل شرما شو کا حصہ بھی ہیں جہاں انہیں مستقل مہمان کی حیثیت سے ہر بات پر قہقہہ لگانا ہوتا ہے۔
حالیہ انٹرویو میں اپنے کام کو ’دنیا کا بہترین کام‘ قرار دینے والی اداکارہ نے بتایا کہ بظاہر لگتا ہے کہ میرا کام بہت آسان ہے کہ ایک جگہ آ کر بیٹھ جاؤ اور ہر بات پر بس ہنستے جاؤ۔
اس موقع پر انہوں نے اس کام کے تلخ پہلو سے بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے اپنے پیاروں کی موت کا وقت یاد کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت وہ بھی تھا جب مجھے ساس کی موت کی اطلاع ملی لیکن مجھے شو کی شوٹنگ کے لیے سیٹ پر بیٹھ کر قہقہے لگانا تھا۔
ارچنا پورن سنگھ نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ایک شو کی قسط کی شوٹنگ تقریباً مکمل ہو چکی تھی اور اچانک ساس کی موت کی اطلاع موصول ہوئی، یہ جانتے ہوئے کہ مجھے ایپی سوڈ مکمل کرنی ہے میں نے فوراً جانے کا کہا لیکن شو کی ٹیم نے مجھے کہا کہ آپ صرف بیٹھ کر ہنسیں، ہم اسے سین کے مطابق ایڈیٹ کر لیں گے۔
اداکارہ نے اس مشکل وقت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ خود سوچیں کہ میرے ذہن پر کیا گزر رہی ہو گی، میری ساس وفات پا چکی تھیں، ایسے میں مجھے کیسے ہنسی آ سکتی تھی؟ اس وقت میں کس طرح ہنسی مجھے نہیں معلوم۔
انہوں نے کہا کہ اس انڈسٹری میں 30-40 سال ہو چکے ہیں اور آپ جانتے ہیں کہ پروڈیوسر کا پیسہ داؤ پر لگا ہوا ہے، آپ کام کو ادھورا نہیں چھوڑ سکتے۔