کراچی کے لیے بجلی 51 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر چیئرمین نیپرا وسیم مختار نے سماعت کی۔
ممبر سندھ نیپرا رفیق احمد شیخ اور ممبر نیپرا کے پی مقصود انور خان سماعت میں شریک ہوئے۔
ڈائریکٹر فنانس کے الیکٹرک نے کہا کہ اگست کی درخواست کا اضافہ 51 پیسے فی یونٹ بنے گا، اگست کی فیول ایڈجسٹمنٹ کا اضافہ 85 کروڑ 30 لاکھ بنتا ہے، کے الیکٹرک میں اگست میں بجلی طلب ایک فیصد بڑھی۔
نیپرا حکام نے کہا کہ دیگر بجلی کمپنیوں کی موسم کے باعث کھپت میں نمایاں کمی آئی ہے۔
جماعتِ اسلامی کے نمائندے عمران شاہد نے کہا کہ کے الیکٹرک بجلی پیداوار میں خود کفیل ہوئی نہ سستی بجلی پیدا کر رہی ہے، کے الیکٹرک کا لائسنس کینسل کر کے لائسنس سی پی پی اے کو دیا جائے، کے الیکٹرک کے پلانٹ پرانے ہیں ان کو تو اسکریپ کر دینا چاہیے تھا، لوڈشیڈنگ بھی بہت کی جاتی ہے، نیپرا کےالیکٹرک کی لوڈشیڈنگ سے متعلق بھی باقاعدہ سماعت کیا کرے۔
نیپرا حکام نے کہا کہ ہم نے کے الیکٹرک کو اس پر شوکاز جاری کر رکھا ہے، کل نیٹ میٹرنگ پر سماعت کریں گے۔