وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشتگرد حملہ چینی شہریوں پر نہیں بلکہ پاکستان پر ہے، دشمن کو اس حملے کا سخت جواب دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اسلام آباد میں چینی سفارتخانے پہنچے جہاں انہوں نے چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات کی۔
وزیر داخلہ نے چینی سفیر سے دھماکے میں 2 چینی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ چین کے سفیر، حکومت اور جاں بحق چینی شہریوں کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیا۔
وزیر داخلہ نے چینی سفیر کو دھماکے کی تحقیقات میں پیشرفت سے متعلق آگاہ کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دکھ کی گھڑی میں چین کی حکومت اور جاں بحق شہریوں کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ پاکستانی قوم اپنے چینی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ واقعہ کی جامع تحقیقات یقینی بنا کر سانحہ میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ پاک دوستی پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یہ برادرانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی گھناؤنی سازش ہے۔ بزدل دشمن کی اس سازش کو ہرگز کامیاب نہ ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کےلیے کام کرنے والے چینی بھائیوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ چینی شہریوں پر حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دشمن نے پاکستان کے انتہائی قابل اعتماد دوست ملک کے شہریوں کو نشانہ بنایا۔ یہ حملہ چینی شہریوں پر نہیں بلکہ پاکستان پر ہے، دشمن کو اس حملے کا سخت جواب دیا جائے گا۔