کراچی میں جناح ٹرمینل کےقریب چینی باشندوں پر حملے کے تفتیشی حکام نے حملہ آور سے منسلک ویڈیو حاصل کرلی، ویڈیو میں حملے میں استعمال ہونیوالی گاڑی کو شہر کی سڑکوں پر گھومتے دیکھا گیا، تفتیشی کاروں نے حملہ آور کے ایک رشتہ دار کو بھی حراست میں لیا ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ویڈیو مبینہ طور پر حملہ آور کی جانب سے بنائی گئی، جو ممکنہ طور پر دھماکے سے کچھ دیر پہلے کی ہے۔
تفتیشی حکام نے حملہ آور کے ساتھی کی تفصیلات بھی حاصل کرلیں جبکہ تفتیش کاروں نے حملہ آور کے ایک رشتہ دار کو بھی ملیر سے حراست میں لے لیا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق حملہ آور نے حملے کے روز دن کے 12 بجے ہوٹل کا کمرہ چھوڑا، ہوٹل سے حملہ آور ملیر میں اپنے رشتہ دار کے گھر گیا اور رات کے وقت گاڑی لے کر ماڈل کالونی سے ہوتا ہوا حملے کے مقام پر پہنچا۔
ذرائع کے مطابق حملہ آور گزشتہ سال 3 دسمبر کو بھی صدر ریگل چوک کے قریب ہوٹل میں رکا تھا۔ ہوٹل میں حملہ آوور سے اس کا دوست ملنے آیا تھا۔
تفتیشی حکام کے مطابق دونوں افراد نے کمرے میں تقریباً 4 گھنٹے قیام کیا اور پھر چیک آؤٹ کر دیا۔
6 اکتوبر کو کراچی ایئرپورٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور غیر ملکی سمیت 10افراد زخمی ہوگئے جبکہ دھماکے کے باعث متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہوگئی تھیں۔