کراچی میں سڑکوں کی بحالی کے ٹھیکوں میں عدم شفافیت کے خلاف کنٹریکٹرز نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
کنٹریکٹرز نے کے ایم سی کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
عدالت نے کے ایم سی اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 دن میں جواب طلب کر لیا۔
سندھ ہائی کورٹ نے کے ایم سی سے ترقیاتی منصوبوں کی رپورٹ بھی طلب کر لی۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ اگست 2023ء میں بارشوں سے تباہ سڑکوں کی بحالی کے لیے 41 اسکیمیں منظور کی گئیں، اسکیموں کے لیے پبلک نوٹس جاری نہیں کیے گئے۔
عدالت نے وکیل سے سوال کیا کہ درخواست گزار نے یہ سرکاری دستاویزات کیسے حاصل کیں؟ سرکاری دستاویزات غیر قانونی طور پر حاصل کرنے پر مقدمہ بھی ہو سکتا ہے۔
وکیل نے کہا کہ میں درخواست گزار سے پوچھ کر صورتِ حال عدالت کے سامنے رکھ دوں گا، جو محکمے غیر فعال ہو چکے ہیں، ان کے انجینئرز ابھی بھی کام کر رہے ہیں۔