کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) پارلیمانی سیکرٹری وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ حکومت بلوچستان ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ ذہنی صحت کو اہمیت دئیے بغیر ترقی کا خواب پورا ہونا ممکن نہیں ، حکومت ذہنی صحت و ماہرین نفسیات کی اہمیت کو بخوبی سمجھتی اور اس حوالے سے اقدامات کررہی ہے ،یہ بات انہوں نے جمعرات کو ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے کے موقع پر ویس بلوچستان اور بلوچستان سائیکالوجسٹس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام کوئٹہ پریس کلب میں پروگرام سے خطاب میں کہی ۔پروگرام میں ماہر نفسیات فوزیہ نے ویس آرگنائزیشن کی نمائندگی کرتے ہوئے دن کی مناسبت سے پریزینٹیشن دیتے ہوئے کہا کہ ان کی آرگنائزیشن 20 سال سے بلوچستان میں فلاحی کاموں میں مصروف ہے ،خاص طور پر مہاجرین کے حقوق کے لیے کام کررہی ہے اس حوالے سے کوئٹہ اور چمن میں سنٹرز قائم کیے گئے ہیں ،پروگرام سے صدر بلوچستان سائیکالوجسٹ ایسوسی ایشن سجاد احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں نفسیات کے شعبے کو حکومت اور پرائیویٹ اداروں میں اہمیت نہیں دی جارہی ، بلوچستان مینٹل ہیلتھ ایکٹ 2019 میں ساییکالوجسٹ کو نظر انداز کیا گیا ہے ،پروگرام میں پینل ڈسکشن کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ہیڈ آف سائیکالوجی ڈیپارٹمنٹ آئی ٹی یونیورسٹی عصمت اللہ ، میر بہرام بلوچ ، لاریب غفار ، عطااللہ شاہ اور محسن بشیر نے حصہ لیا اور خصوصی طور پر کام کی جگہ ذہنی صحت کی اہمیت پہ زور دیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہر شعبے میں ماہرنفسیات کی تعیناتی عمل میں لائی جائے ، پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی شیلڈز اور سرٹیفکٹس تقسیم اورورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے کے حوالے سے کیک کاٹا۔