کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) بلوچستان کے سیاسی و سماجی رہنما حاجی محمد اسحٰق نے مائنز اینڈ منرل بل کو صوبے کے حقوق پر ڈاکہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بل بلوچستان کے وسائل پر قبضے کے مترادف ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ متنازع بل کے معاملے میں بعض سیاسی جماعتوں کا کردار بھی مایوس کن ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اس بل کے خلاف نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے جرأت کے ساتھ جدوجہد کی ہے انہوں نے نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپوزیشن اراکین کے ساتھ رابطے میں رہ کر بل کے خطرناک مضمرات سے آگاہ کرنے کے ساتھ اسمبلی کے اندر اور باہر اس کے خلاف سیاسی مزاحمت کو فروغ دے رہے ہیں اسی سلسلے میں نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے گزشتہ دنوں چیف آف سرآوان اور جمعیت علما اسلام کے بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر نواب محمد اسلم رئیسانی سے بھی ملاقات کی نواب محمد اسلم رئیسانی نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اسمبلی کے فلور پر اس متنازع بل کے خلاف بھرپور آواز بلند کریں گے انہوں نے تمام سیاسی اور سماجی حلقوں سے اپیل کی کہ وہ اس بل کے خلاف متحد ہو کر بلوچستان کے حقوق کے دفاع میں اپنا کردار ادا کریں۔