• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر کے ممکنہ وزیرِ اعلیٰ عمر عبد اللّٰہ کا آرٹیکل 370 کی بحالی کا مطالبہ

عمر عبداللّٰہ --- فائل فوٹو
عمر عبداللّٰہ --- فائل فوٹو

مقبوضہ کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے رہنما عمر عبداللّٰہ نے آرٹیکل 370 کی بحالی کا مطالبہ کر دیا۔

انتخابات میں 42 نشستیں جیتنے اور کانگریس سے اتحاد کے بعد عمر عبد اللّٰہ حکومت بنانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر کے انتخابات میں بی جے پی نے 29 نشستیں جیتی ہیں، جبکہ 90 اراکین پر مشتمل اسمبلی میں نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے پاس 48 نشستیں ہیں۔

نیشنل کانفرنس کے رہنما اور مقبوضہ کشمیر کے ممکنہ وزیرِ اعلیٰ عمر عبد اللّٰہ کا غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو میں کہنا ہے کہ یہ وہ اسمبلی نہیں ہے جس کا ہمیں حق ہے، یہ عارضی اسمبلی ہے اور اس اسمبلی کے ذریعے ہم اُس اسمبلی تک پہنچیں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ حکومت بننے کے بعد کابینہ کے پہلے اجلاس میں پہلی قرار داد یہی منظور ہونی چاہیے کہ جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ واپس ملے، لیکن بی جے پی حکومت کے ہوتے ہوئے آرٹیکل 370 کی بحالی ممکن نہیں۔

عمر عبد اللّٰہ نے کہاکہ جن لوگوں نے ہم سے یہ حق چھینا ہے ان سے اس حق کی واپسی کی امید لگانا بے وقوفی ہے، بی جے پی ہمیشہ تو اقتدار میں رہے گی نہیں، کبھی تو حکومت بدلے گی، جس کے ساتھ بیٹھ کر ہم بات کر پائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو ریاست کا درجہ واپس ملے گا جس کا ہمیں انتظار ہے۔

پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے متعلق عمر عبد اللّٰہ نے کہا کہ بھارتی وزیرِ خارجہ کا پاکستان جانا صحیح سمت ایک چھوٹی شروعات ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید