• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

فوٹو: پی سی بی
فوٹو: پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مینٹورز اور سلیکٹرز نے شرکت کی تھی، حالیہ خرابیوں کا ذمہ دار ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ کو ٹھہرایا گیا، پچز کی ذمہ داری ڈائریکٹر انٹرنیشنل کی ہے۔ انہوں نے غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے شعبہ انٹرنیشنل کا نیا سربراہ لانے کا فیصلہ کرلیا۔

اجلاس میں گفتگو کے دوران فزیو کلف ڈیکن، اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ ڈریکس سائمن کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے گئے اور کہا گیا کہ عرصہ دراز سے ٹیم کے ساتھ منسلک ہیں فٹنس کا گراف گر رہا ہے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان کے کرکٹرز فٹنس کے معیار میں بہت پیچھے ہیں، اس پر کوئی کام نہیں ہوا۔

خیال رہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیرِ صدارت پی بی سی کی سلیکشن کمیٹی اور مینٹورز کے اجلاس  میں محسن نقوی نے پہلے مینٹورز سے علیحدہ میٹنگ کی اور پھر سلیکشن کمیٹی کے اراکین اور مینٹورز کے ساتھ مشترکہ ملاقات کی۔

اجلاس میں ٹیم کی حالیہ کارکردگی اور کھلاڑیوں کی فٹنس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

سلیکشن کمیٹی نے ٹیم میں متوقع تبدیلیوں سے چیئرمین پی سی بی کو آگاہ کیا۔

سلیکشن کمیٹی کے اراکین عاقب جاوید، اظہر علی، علیم ڈار، حسن چیمہ، ایڈوائزر بلال افضل، ڈائریکٹر ڈومیسٹک عبداللّٰہ خرم نیازی، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان، مینٹورز شعیب ملک، مصباح الحق، وقار یونس اور ثقلین مشتاق نے اجلاس میں شرکت کی۔

مینٹور سرفراز احمد اور سلیکشن کمیٹی کے رکن اسد شفیق ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید