پاکستان اور چین کا مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق ہوگیا، سیکیورٹی، تعلیم، زراعت، انسانی وسائل کی ترقی اور سائنس و ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے طے شدہ 13 مفاہمت کی یادداشتوں اور دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وزیر اعظم لی چیانگ کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت کے وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں ایم او یوز، معاہدوں اور دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔
دونوں وزراء اعظم اپنے اپنے وفود کے ہمراہ اس موقع پر موجود تھے۔ اسمارٹ کلاس رومز پراجیکٹ کی حوالگی، سی پیک مشترکہ کوآرڈینیشن کمیٹی کے 13ویں اجلاس اور سی پیک کے تحت گوادر پر مشترکہ ورکنگ گروپ کے 7ویں اجلا س کےمنٹس، سی پیک روزگار کے فروغ کیلئے تعاون کے ایم او یوز کا تبادلہ کیا گیا۔
اطلاعات اور مواصلات کے شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ ، پانی کی تنصیبات کا تحفظ، فلڈ کنٹرول اور آفات میں کمی سے متعلق باہمی تعاون کے سمجھوتے کا بھی تبادلہ کیا گیا۔
سلامتی کے شعبے میں تعاون، جی ڈی آئی کے تحت انسانی وسائل کی ترقی پر لیٹر آف ایکسچینج ، اسلام آباد میں آگ بجھانے والی گاڑیوں سے متعلق معاونتی پروگرام سمیت کئی ایم او یوز کا تبادلہ کیا گیا۔
چین کو جانوروں کے گوشت کی برآمد سے متعلق قرنطینہ تقاضوں سے متعلق پروٹوکول، مشترکہ لیبارٹریوں کی مشترکہ معاونت سے متعلق بھی ایم او یو کی دستاویز کا تبادلہ کیا گیا۔
اس موقع پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور پیپلز بینک آف چائنہ کے درمیان کرنسی کے تبادلے کے معاہدے کا بھی اعلان کیا گیا۔
چینی وزیراعظم کا کہنا کہ پاکستانی سوسائٹی کے تمام شعبوں کی جانب سے چین کی حمایت کے مشکور ہیں، گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تکمیل اہم سنگ میل ہے، منصوبے کی تکمیل کے لیے پاکستان اور چین کی افرادی قوت کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، گوادر علاقائی ترقی کا محور ہونے کے ساتھ دونوں ملکوں کی مضبوط دوستی کا بھی عکاس ہے۔
لی چیانگ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کےلیے چین اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان کے عوام کی خوشحالی ہمارے دل کے بہت قریب ہے۔
اس سے قبل مہمان وزیراعظم کو ایوان وزیراعظم آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گيا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چینی وزیراعظم کے دورے سے دوستی مزید مضبوط اور گہری ہوگی، سی پیک پر پیشرفت کا جائزہ لیں گے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے مزید نئے شعبے تلاش کریں گے۔