جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نےکہا ہے کہ حکومت نے آئین سے کھلواڑ کیا تو ہم سڑکوں پر ہوں گے۔
میرپور خاص میں مفتی محمود کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے انکشاف کیا کہ حکومتی وفد سے آئینی ترمیم کا مسودہ مانگا، انہوں نے کہا ہمارے پاس مسودہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے دن کالے تھیلے میں لپٹا مسودہ دیا گیا، حکومتی مسودے میں سب کی تباہی موجود تھی، جس کے ذریعے آئین کو بھی تباہ کرنے کی کوشش کی گئی۔
جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا کہ آئین سے کھلواڑ کیا گیا تو ہم سڑکوں پر ہوں گے، ہماری مرضی کے بغیر آئینی ترمیم نہیں ہوسکے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم بھی ہم نے اپنے ہاتھ میں لے لی ہے، آئینی ترمیم کے نکات بھی ہماری مرضی کے مطابق ہوں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ آئین کے مطابق حکومت اُس کی ہونی چاہیے جس کو ووٹ ملے، ووٹ چوری کی بھی ہم اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجھ سے پوچھا جاتا ہے ملک میں حکومت کس کی ہے؟ تعجب سے جواب دیا شہباز شریف کی حکومت ہے۔
جے یو آئی ف کے سربراہ نے کہا کہ ملک میں اقلیت کی حکومت ہے اور پیپلز پارٹی حکومت میں رہے بغیر ساتھ ہے۔