پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقات میں مثبت پیشرفت سامنے آگئی۔
گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں اتحادی جماعتوں کے بے نتیجہ اجلاس کے بعد بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات ہوئی۔
ذرائع کے مطابق پی پی پی اور پی ڈی ایم قیادت کی اس ملاقات میں مثبت پیشرفت ہوئی، دونوں قائدین نے سیاسی ڈائیلاگ کےلیے آپس میں مزید مشاورت پر اتفاق رائے کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں قائدین نے سیاسی ڈائیلاگ کے معاملے پر عیدالفطر کے بعد اتحادی جماعتوں کا اجلاس بلاکر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ ڈائیلاگ کے ذریعے ملک کو بحران سے نکالنے پر جو فیصلہ ہوگا متفقہ ہوگا۔
اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری مولانا فضل الرحمان کے آبائی گاؤں عبدالخیل پہنچے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مفتی عبدالشکور کے جنت میں بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی اور ان کے لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
فضل الرحمان نے کہا کہ مفتی عبدالشکور جمعیت علماء اسلام کا ایک قیمتی اثاثہ تھے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مفتی عبدالشکور کی ناگہانی موت کا دلی صدمہ ہوا۔