مظفرآباد (نامہ نگار) پی ٹی آئی آزادکشمیر سوشل ونگ کی صدر گلشن منہاس نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی خارجہ پالیسی انتہائی کمزور ہے جس کی وجہ سے مقبوضہ وادی میں مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا جارہا ہے۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی مولانا فضل الرحمان کو کشمیر کمیٹی سے فارغ کیا جائے۔ تاریخ کشمیر سے نابلد شخص کو چیئرمین کشمیر کمیٹی بنانا کشمیریوں کی توہین ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشہ روز میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئےکیا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین کشمیر کمیٹی کو دی جانیوالی مراعات اور پروٹوکول واپس نہ لیا گیا تو کشمیری عوام آزادکشمیر بھر میں شدید احتجاج کریگی۔ وزیراعظم کے پوسٹ مین کا کردار ادا کرنیوالے چیئرمین کو کشمیری قوم سے کوئی ہمدردی نہیں ہے صرف سٹیٹس انجوائے کررہے ہیں۔ مقبوضہ وادی میں کشمیری عوام پر زندگی موت میں بدل چکی ہے۔ مولانا کو مذمت کرنے کی توفیق نہیں ہوسکی۔